
یمن سے صہیونی دشمن کے قلب پر ایک اور بیلسٹک حملہ، بن گوریون ائیرپورٹ بند
شیعہ نیوز: یمن کی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت نے قابض اسرائیل کے قلب پر ایک اہم اور دلیرانہ عسکری کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ یافا میں واقع بن گوریون ہوائی اڈے کو ایک بیلسٹک اور انتہائی تیز رفتار میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی مکمل کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جس کے نتیجے میں لاکھوں صہیونیوں کو پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہونا پڑا اور بن گوریون ائیرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ انصار اللہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے فرض شناسی کا ثبوت دیتے ہوئے اس وقت تک حملے جاری رکھے گی جب تک قابض اسرائیل کی طرف سے غزہ پر مسلط جنگ بند نہیں کی جاتی۔ یہ حملہ فلسطینی عوام کی مظلومیت کے خلاف ایک پکار ہے، ایک احتجاج ہے، اور غاصب اسرائیل کی درندگی کے جواب میں ایک مزاحمتی للکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران سے مذاکرات، ٹرمپ کا اسرائیل کے ساتھ دفاعی ہم آہنگی ختم کرنے کا حکم
دوسری طرف قابض اسرائیلی فوج نے بھی جمعرات کی شام اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یمن سے اسرائیل کے وسطی علاقے کی طرف ایک میزائل داغا گیا۔
عبرانی ذرائع کے مطابق اس حملے کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کی کئی صہیونی بستیوں میں خطرے کے سائرن گونج اٹھے، اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ میزائل حملے کے خطرے کے پیش نظر بن گوریون ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور پروازوں کی روانگی و آمد معطل کر دی گئی ہے۔
انصار اللہ نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ جب تک غزہ پر حملے بند نہیں ہوتے، وہ قابض اسرائیل پر اپنے حملے جاری رکھیں گے۔
یمن کی مزاحمت فلسطین کے مظلوم عوام کی پکار کا عملی جواب ہے۔ یہ اقدام اس اتحاد کا مظہر ہے جو پوری امت مسلمہ کو فلسطینی کاز کے گرد متحد کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔