یوکرین جنگ کی صورتحال، روس نے مزید دسیوں فوجی ٹھکانے تباہ کر دئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) روسی فضائیہ نے یوکرین کے خلاف حملے جاری رکھتے ہوئے یوکرین کے مزید بتیس فوجی ٹھکانوں منجملہ فضائی دفاعی سسٹم بوک ایم ون کو تباہ کر دیا۔
اس درمیان ماسکو نے دعوی کیا ہے کہ ایس تین سو میزائل دفاعی سسٹم بھی جو کسی یورپی ملک نے یوکرین کو دیا تھا، تباہ کر دیا گیا۔ بحیرہ اسود میں روسی جنگی جہازوں نے یوکرین کا میزائلوں سے لیس ایک ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
دوسری جانب نیٹو نے اپنی جنگی آمادگی بڑھانے کے لئے شمالی مقدونیہ میں فوجی مشقوں کا انعقاد کیا ہے۔ رائیٹرز کی رپورٹ کے مطابق مقدونیہ میں ہونے والی ان فوجی مشقوں میں نیٹو کے گیارہ سو فوجیوں نے حصہ لیا۔ مقدونیہ اپریل دو ہزار بیس میں امریکہ کی سرکردگی میں نیٹو میں تیسویں اتحادی کی حیثیت سے شامل ہوا ہے۔
روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے نیٹو نے مشرقی علاقے میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں خاصا اضافہ کیا ہے۔ جبکہ نیٹو کے بعض ممالک نے مزید فوجیوں کی تعیناتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔