
۔ تکفیری عناصر کو شرمناک ناکامی ہوئی ہے، بل واپس بِل میں چلا گیا ہے: علامہ سبزواری
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے علامہ ساجد علی نقوی کی طرف سے یکم ربیع الاول کے احتجاجی اجتماع کو ملتوی کرنے کو بروقت اور دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کچھ جذباتی لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے فیصلے پر تنقید کر کے وقت ضائع کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔ قائد ملت جعفریہ کے اعلان اور اتحاد ملت کے ذریعے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متنازعہ فوجداری بل پر اعتراض لگا کر واپس کر دیا ہے، جس کی تصدیق تکفیری دہشت گرد مخالفین کی چیخیں بھی کر رہی ہیں۔
ہم نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ ملت جعفریہ کسی ایسی قانون سازی کو تسلیم نہیں کرے گی، جو ہمارے بنیادی حقوق پر قدغن کا باعث بنے۔ تکفیری عناصر کو شرمناک ناکامی ہوئی ہے۔ بل واپس بِل میں چلا گیا ہے۔
لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ متنازعہ بل اسلامی روایات کے خلاف ہے۔ اب تو اہلسنت علماء کیخلاف بھی توہین صحابہ کی پرچے درج کیے گئے ہیں اور یہی ہمارے موقف کی دلیل ہے کہ یہ بل ذاتی مقاصد اور عناد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس لیے قائد ملت جعفریہ نے یکم ربیع الاول کے اجتماع کو ملتوی کرنے کا اعلان کر کے توانائیوں کو محفوظ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ ضرورت پڑی تو اس کیلئے آمادگی برقرار رہے۔ حقوق کی جمہوری جنگ جاری ہے۔ اجتماع ملتوی کیا ہے، منسوخ نہیں۔ پھر قائد ملت جعفریہ جب بھی حکم دیں گے، قوم ان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گی۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے کہا 16۔ اگست کی علماء و ذاکرین کانفرنس میں اتحاد ملت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ قیادت کے اعلان پر جس انداز سے عوام اسلام آباد آنے کیلئے تیار تھے، اسی دباو کے تحت بل واپس ہوا اور صدر نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔ اب جب بھی آئندہ قومی اسمبلی تشکیل پائے گی۔ تو ان شاءاللہ ہم پھر پہلے سے زیادہ بھرپور انداز سے تیاری کریں گے اور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ قرآن و سنت کے منافی بل کو قانون نہیں بننے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو شاید اندازہ ہی نہیں کہ صدر کی طرف سے اعتراض کے بعد چور دروازے سے منظور کروایا گیا بل قانون نہیں بن سکتا، بلکہ آئندہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اس کی منظوری لینا ہوگی لیکن انشاءاللہ اس وقت کی نوبت نہیں آئے گی۔ ہم کسی صورت یہ متنازعہ بل قانون نہیں بننے دیں گے۔ یہ بل قرآن و سنت کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام اہل تشیع کی تیاری نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اس ملک کی بہت بڑی قوت کا نام ہے۔ جس نے ہمیشہ نہ صرف شیعہ بلکہ اہلسنت کے حقوق کا بھی دفاع کیا۔ آئندہ جب بھی ضرورت پڑی پوری قوم قائد ملت کی آواز پر لبیک کہنے کیلئے تیار ہے اور ہم اس آواز کو مزید مضبوط بنائیں گے۔