سعودی ایماء پر بننے والی نواز حکومت کا 1 برس مکمل ہونے پر 11 مئی کو یوم سیاہ منائینگے، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ 11 مئی 2013ء عوامی مینڈیٹ کے چوری ہونے کے ایک سال مکمل ہونے اور ملک میں بڑھتی ہوئی سعودی مداخلت اور شیعہ نسل کشی کیخلاف مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر 11 مئی کو ملک گیر یوم احتجاج منائے گئی، ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر ہوگا، موجودہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کی ایک سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی، الیکشن مہم کے دوران ٹی وی اشتہاروں میں بلند و بانگ دعوے کرنے والے حکمران آج ایوانوں میں چھپ کے بیٹھے ہیں، دہشت گرد عملی طور پر ملک پر حاکم جب کہ بیرونی امداد اور پریشر سے برسر اقتدار آنے والی جماعتیں صرف نگران کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دی رہی ہیں، پیپلز پارٹی مفاہمت کے نام پر نواز لیگ کی خیانتوں پر پردے ڈال رہی ہے، عوامی حقوق کے استحصال اور ظالم نظام حکومت کے خلاف اٹھارہ مئی کو اسکردو سے بیداری امت و استحکام پاکستان کانفرنس کے ذریعے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی وحدت ہاؤس میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر رہنماؤں میں علامہ صادق رضا تقوی، عالم کربلائی، مولانا نشان حیدر ساجدی، عبداللہ مطہری، آصف صفوی، حیدر زیدی، شفقت لنگاہ، امتیاز شاہ بخاری بھی موجود تھے۔
علامہ مختار امامی نے موجودہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے کے نعرے لگانے والی سیاسی جماعتیں ایک سال گذرنے کے باوجود تاحال کسی ایک مسئلے کے حل میں کامیاب نہ ہو سکیں، لوڈشیڈنگ کو چند ماہ اور چند سال میں ختم کرنے کے دعوے دار میاں صاحبان آج کہتے ہیں، ہمارے تو ہاتھوں سے طوطے اڑ گئے، الیکشن کیمپین کے دوران اربوں روپئے کے ٹی وی کمرشلز میں صرف جوش خطابت اور عوام کو خوش کر نے کے لئے ایسے دل فریب نعرے لگائے گئے۔ آج عوام چودہ چودہ، سولہ سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھگت رہے ہیں، صنعتوں کا پہیہ جام ہو چکا ہے، بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، لوگ بھوک و افلاس سے خودکشیوں پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر سیاست چمکانے سے باز آئیں اور پاور پروجیکٹس کی تنصیب کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں، باریاں لگانے والی پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے ایک دوسرے کے عیبوں اور خامیوں پر پردہ ڈالنے کا بھی معاہدہ کر رکھا ہے، زرداری صاحب نے بڑے بھائی کو پانچ سال پورے کروانے کی یقین دھانی کروا رکھی ہے۔
انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ کراچی میں درجن بھر شہریوں کا قتل معمول بن چکا ہے، گذشتہ ایک سال میں وفاقی و صوبائی حکومت نے فقط ایک بوسیدہ ٹارگٹڈ آپریشن کے کچھ نہیں کیا، جس کا نتیجہ صفر نکلا، ہزاروں دہشت گردوں کی گرفتاری کے دعوے ہوئے لیکن سزا کسی ایک مجرم کو بھی نہ ہوئی، وزیر اعظم صاحب فقط گرفتاریوں کی تعداد پوچھ کر کراچی سے واپس آجاتے ہیں۔ کراچی کی طرح پنجاب بھر میں بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال قابل اطمینان نہیں ہے۔ لاہور، گجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی ،ملتان اور دیگر شہروں میں دہشت گردوں کے مراکز موجود ہیں جو صوبے بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہیں لیکن نواز لیگ ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی ٹھوس کاروائی کرنے میں سنجیدہ نہیں، پاک فوج کے جوانوں، ڈاکٹروں، وکلاء، انجینئرز، علماء اور شیعہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے قاتل تاحال آزاد ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بیرونی امداد پر برسر اقتدار آنے والی حکومت کے ایک برس مکمل ہونے پر گیارہ مئی کو ملک گیر یوم سیاہ منائے گی، ملک بھر میں کی طرح سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، جب کہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر ہوگا، عوام سے پر زور اپیل کی جاتی ہے کہ ظالم اور کرپٹ حکومت کے خلاف گیارہ مئی کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ان بیرونی ایجنڈوں سے اپنی بھرپور نفرت کا اظہار کریں۔