آپریشن ردالفساد، صوابی میں 10 دہشتگرد ہلاک، 2 اہلکار زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) صوابی میں آپریشن ردالفساد کے تحت فورسز کی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے صوابی کے علاقے باجا میں مشترکہ کارروائی کی، اس دوران جھڑپ میں 10 دہشتگرد ہلاک اور 2 فرار ہوگئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے فرار دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی، جبکہ کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔ جھڑپ کے دوران 2 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد مقامی نہیں لگتے، شناخت جاننے کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرد کسی بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے جمع ہوئے تھے، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث متوقع دہشتگردی ناکام بنا دی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز صوابی کے علاقے میں آپریشن کے دوران جھڑپ میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید اور 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔