مصطفوی اسٹوڈنٹس کا دہشتگردی کیخلاف 10 فروری کو دستخطی مہم شروع کرنے کا اعلان
شیعہ نیوز (ملتان) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملتان ڈویژن کے کوارڈینیٹر چوہدری رضوان یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد طلباء میں دہشت گردی، انتہا پسندی کے خلاف اور فروغ امن کیلئے آگاہی پیدا کرنے کیلئے 10 فروری کو وہاڑی میں عظیم الشان امن کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف ملک گیر مہم کا آغاز وہاڑی سے ایک قرارداد کے زریعے کیا جائے گا۔ عالمی رہنمائوں کے نام قرارداد پر ملک بھر سے 10 لاکھ طلباء کے دستخط کروائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد طلباء تنظیمات میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ واحد اور پہلی طلباء تنظیم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف اور امن سے آگاہی کیلئے ملک گیر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے میڈیا آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ وہاڑی کے ضلعی کوارڈینیٹر علی عمران جٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد 10 فروری کو وہاڑی میں منعقد ہونیوالی امن کانفرنس منفرد طلباء کانفرنس ہے جس کے ذریعے دہشت گردوں اور امن کے دشمنوں کو پیغام دیا جائے گا کہ طلباء کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کاروائی سے خوفزدہ نہیں ہیں اور فروغ امن و علم کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔