جوبائیڈں اسرائیل کی فوجی مدد کرنا بند کریں، 11 امریکی اداروں کا مطالبہ
شیعہ نیوز:عربی اکیس ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ان گیارہ اداروں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کو چاہیئے کہ وہ فلسطین کے غیر سرکاری اداروں کے خلاف اسرائیل کی بے بنیاد دستاویزات کو مسترد کرے اور فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کے حملے بند کرائے۔
اس مشترکہ بیان میں جوبائیڈن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل سے فلسطین کے چھے ادارے بند کرانے کا فیصلہ منسوخ کرائیں اور ان اداروں اور ان اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے خلاف اسرائیل کے اقدامات کو روکیں ۔
فلسطینی سول سوسائٹی کے خلاف کوششوں کے بارے میں حکومت امریکہ کی ایسے وقت میں خاموشی، کہ اسرائیل اربوں ڈالر کی امداد سے مالامال ہے، اس بات کے مترادف ہے کہ حکومت امریکہ، اسرائیل کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے وزیر جنگ بنی گینٹس نے اکتوبر دو ہزار اکیس میں ان فلسطینی تنظیموں کو غیر قانونی قرار دیا ہے جبکہ یورپ کے دس ملکوں نے جنوری دو ہزار بائیس میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی اور تاکید کی کہ وہ فلسطین کے غیر سرکاری اداروں کی مالی حمایت کا سلسلہ بدستور جاری رکھیں گے۔