اسرائیل کی جیلوں میں قید 110فلسطینی قیدی کورونا میں مبتلا
شیعہ نیوز: فلسطین کے اسیروں کے امور کی کمیٹی کے صدر کا کہنا ہے کہ تقریبا 100 فلسطینی «عوفر» جیل میں اور 10 فلسطینی «ایشل – بئر السبع» جیل میں کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں ان میں فلسطینی رہنما«نائل البرغوثی» بھی شامل ہیں۔
فلسطین کے اسیروں کے امور کی کمیٹی کے صدرعبد الناصر فروانہ کا اس سے کہنا تھا کہ اسرائیل کی جیل میں قید درجنوں فلسطینی قیدی دل کی بیماری، کیسنر اور کڈنی کی بیماری جیسی خطرناک اور جان لیوا مرض میں مبتلا ہیں جبکہ کچھ پیرالائزڈ ہو چکے ہیں اور بغیر کسی مدد کے رفع حاجت تک بھی نہیں کر سکتے۔
فلسطین کے اس سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ یہ وہ افراد ہیں جن کو خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے اور اگر سارے مریضوں کا چیک اپ کیا جائے تو مریضوں کی تعداد یقینی طور پر بڑھ جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت اسرائیل کی جیل میں قید فلسطینی قیدیوں اور اسیروں کی تعداد 4600 سے زائد ہوگئی ہے جن میں 40 خواتین، 170 بچے ہیں جبکہ 380 افراد کو بغیر کسی جرم کے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
543 قیدیوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ بیمار قیدیوں کی تعداد 700 ہے جن میں 300 قیدی خطرناک مرض میں مبتلا ہیں۔