ایم ڈبلیو ایم کراچی نے صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 117سولجر بازارسے شاکر علی راؤجانی کو امیدوار نامزد کر دیا
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویڑن نے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس۔117 کے لئے شاکر علی راؤجانی کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا۔ واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے اعلٰی اختیاراتی ادارے شوریٰ عالی کے فیصلے کے تحت مجلس وحدت کے سیاسی سیل نے ملک کے مختلف علاقوں سے ملت جعفریہ اور مستضعفین کے شدید اصرار پر اپنے امیدواروں کو مجلس وحدت کے پلیٹ فارم کے تحت الیکشن میں کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ PS۔117 اہل تشیع اور بریلوی مسلمانوں کا مضبوط حلقہ سمجھا جاتا ہے، اسی بات کے پیش نظر مجلس وحدت مسلمین کراچی پولیٹیکل سیل کی سفارشات پر مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے شاکر علی راؤجانی کی نامزدگی کی توثیق کردی۔
شاکر علی راؤجانی کی نامزدگی پر اہلیان سولجر بازار، لائنز ایریا، گارڈن کے رہائشیوں اور گجراتی کمیونٹی بالخصوص خوجہ، بوہری، میمن اور اسماعیلی جماعت نے اس پر مجلس وحدت کے انتخاب کو سراہا ہے اور شاکر علی راؤجانی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ مجلس وحدت سیاسی سیل کراچی نے شاکر علی راؤجانی کی حمایت کے لئے ملت جعفریہ کی دیگر نمائندہ جماعتوں سے رابطے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی ایم ڈبلیو ایم قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے اپنے امیدوار کھڑے کر رہی ہے۔