خودکش حملوں کا خدشہ، لاہور سمیت پنجاب کے 12 اضلاع حساس قرار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے کئے گئے حالیہ دہشتگردانہ حملوں کے بعد تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے ممکنہ خودکش حملوں کے خدشے کے پیش نظر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے 12 اضلاع کو حساس قرار دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے حساس قرار دی جانیوالی سرکاری املاک، تعلیمی اداروں، اہم سیاسی و دینی شخصیات، سرکاری ٹرانسپورٹ، بزرگ ہستیوں کے مزارات، مساجد، مدارس، غیر مسلموں کی عبادگاہوں کی سیکورٹی انتظامات کو روزانہ کی بنیاد پر اپ گریڈ کرنے، تھانوں کی سطح پر سرپرائز چیکنگ اور گشت کے معاملات کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے حساس قرار دیئے گئے شہروں میں لاہور، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور، اٹک، رحیم یار خان، راولپنڈی، اوکاڑہ، سرگودھا، راجن پور، بہاولنگر، ملتان شامل ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پنجاب میں 10 تکفیری خودکش بمباروں کی اطلاع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے وزارت دا خلہ کو آگاہ کیا ہے۔ مذکورہ اضلاع حساس ہیں جہاں تکفیری دہشتگرد حملہ کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے پولیس کو متوقع خودکش حملوں کی نئی لہر سے آگاہ کیا گیا ہے جس وجہ سے گزشتہ روز آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کے آر پی اوز کے ساتھ میٹنگ کی جس میں صوبہ بھر میں سیکورٹی انتظامات کو سخت کر نے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ڈی پی اوز سمیت ایس پی حضرات کو خود علاقوں میں گشت کرنے اور سیکورٹی انتظامات کو چیک کرنے کی ہدایت کی ہے