کراچی: رینجرز، سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 16 مبینہ دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب رینجرز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 16 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی اور رینجرز نے دو روز قبل بلدیہ قائم خانی کالونی میں مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سپرہائی وے گنا منڈی اور مومن آباد میں سرچ آپریشن کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹے تک علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل جاری رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رینجرز اور سی ٹی ڈی کی جانب سے کئی گھنٹے جاری آپریشن کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 16 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان دو روز قبل بلدیہ میں رینجرز آپریشن کے دوران فرار ہو گئے تھے۔ رینجرز نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے قبضے سے بلاک بم اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان استاد اسلم گروہ سے ہے۔ ان کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں رفیع اللہ عارف عرف قاری، عبدالماجد عرف مفتی، محمد یونس عرف انس عرف یوسف سلیم، محمد رزاق عرف شل دادا، شمس الہدا عرف مولوی، عمر خالق عرف حسین، محمد جنید عرف عبدالمنان، جنید احمد، خان بہادر، عبدالغفار عرف ابو حریرا، محمد زین العابدین عرف صدیقی عرف سیف اللہ، سیف اللہ عرف سیفو، محمد آصف عرف ڈاکٹرعرف لنگڑا، ثنا ء اللہ عرف ثناء، عبدالعزیز عرف کامران، عمر علی زرگر شامل ہیں۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔