Uncategorized

محرم الحرام پر سیکیورٹی کیلئے لاڑکانہ میں 16 ہزار اہلکار تعینات

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج عبداللہ شیخ نے محرم الحرام کے لیے لاڑکانہ ڈویژن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔ لاڑکانہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن میں 1329 مجالس منعقد کی جائیں گی جن میں 592 کو حساس اور 737 کو نارمل قرار دیا گیا ہے جبکہ 212 تعزیے برآمد کیے جائیں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے 16665 پولیس افسران و جوان تعینات کیے جائیں گے اور 2 ہزار رینجرز کے جوان بھی اسٹینڈ بائی ہونگے ۔ دریں اثنا ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس ایس ایس پی آفس میں ہوا جس میں ایس پی ہیڈکوارٹر محمد راشد ہدایت، اے ایس پی سٹی ڈاکٹر محمد عمران سمیت تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ہیڈ آف برانچز کے افسران نے شرکت کی جس میں ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے کانٹی جنسی پلان تشکیل دیتے ہوئے بتایا کہ لاڑکانہ ضلع میں 179 جلوس برآمد کرکے 181 مجالس منعقد کی جائیں گی جن کی سکیورٹی کے لیے 3300 پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی اسٹینڈ بائی رہیں گے ۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ تمام عبادتگاہوں، مدارس، مساجد، امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے اور ساتھ ہی ساتھ ٹریفک پلان تشکیل دے کر متبادل راستے بنائے جائیں گے۔ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت اسنیپ چیکنگ کی جائے گی اور مسافر خانوں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر کڑی نظر رکھ کر پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران اسلحے کی نمائش، تمام ہوٹلوں اور کیبلز پر گانے چلانے ، ڈبل سواری اور شراب کے فروخت پر پابندی عائد ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی صدارت میں ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں محرم الحرام کی سیکیورٹی،انتظامات اور صفائی ستھرائی کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ونگ کمانڈر رینجرز کرنل ضیا ملھی، ایس ایس پی سکھر امجد حسین شیخ ، سیپکو، صحت ، ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور ٹی ایم اوز کے علاوہ علمائے کرام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور بڑے لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے ہم سب کو صبر اور برداشت سے کام لینا ہوگا ۔ محرم الحرام کے دوران ڈی سی آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں پولیس ، رینجرز، صحت اور دیگر اداروں کے نمائندگان اور افسران ہائی الرٹ رہیں گے اور لوگوں کی شکایات وصول کرکے فوری طور پر ان کا ازالہ کرینگے ۔ ڈی سی سکھر نے مزید کہا کہ محرم کے مقررہ روٹس کے علاوہ دیگر روٹس پر سبیلوں کے پرمٹ نہیں دیے جائیں گے کیونکہ دہشت گردی کاخطرہ پہلے سے زیادہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے آنیوالے مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کو سخت کیا جائے گا ۔رینجرز کمانڈر نے کہا کہ شکارپور پھاٹک پر پولیس اور رینجرز کی مشترکہ چیک پوسٹ قائم کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد محمدنعمان صدیق نے مختلف مکاتب فکر سے وابستہ علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال نوابشاہ میں محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے ، اسٹریٹ لائٹ اور صفائی سمیت دیگر ضروری انتظامات کے بارے میں طلب کئے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہو ں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن وامان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ضلع اور تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ عشرے کے دوران امام بارگاہوں، جلسوں اور جلوسوں کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور شرپسندوں، فسادیوں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے ،ضلع میں چلنے والے کیبل نیٹ ورکس پر مذہبی چینلوں کے علاوہ دیگر تمام چینلوں کو بند کرایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عشرے کے دوران تمام اسپتالوں اور صحت مراکز پر مطلوبہ ادویات، ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت ایمبولینسوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ کنڈیارو اور پڈعیدن سے نمائندوں کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز ڈاکٹر وسیم علی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے کے لئے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی ہال میں منعقدہوا۔ اجلاس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ضیا ، ونگ کمانڈر 72 ونگ لیفٹیننٹ کرنل عاکف ،ایس پی محمد عاصم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان طاہر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مظہر کلہوڑو ،لوکل گورنمنٹ، سیپکو ، پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران ،منتخب نمائندوں اور علمائے کرام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم علی نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرایا جائے گا اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کر
یں ۔پاکستان رینجرز اور پولیس کے جوان ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے موجود ہوں گے ۔ کسی کو کوئی نیا روٹ پرمٹ جاری نہیں ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ نفرت انگیز تقاریر ، پمفلٹ اور وال چاکنگ سے گریز کریں۔ کنری سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر دربار ہال میں ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے طلب کردہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کہا کہ مذہبی جماعتوں کے عہدیداران ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔عاشورہ کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس اور تعلقوں میں اسسٹنٹ کمشنروں کے آفسوں میں مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے جو یکم تادس محرم الحرام چوبیس گھنٹے کا م کریں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے علمائے کرام سے کہا کہ ماہ محرم الحرم کے دوران ہم آہنگی، باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ دریں اثنا میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ عزاداروں و عقیدتمندان حسین کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے جس کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں،انشاء اللہ محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس عزا و تعزیہ کے مقامات اور امام بارگاہوں و پڑوں کے اطراف تعمیر و مرمت،صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات محرم الحرام سے قبل مکمل کرلیے جائیں گے تاکہ عزاداروں و عقید تمندان حسین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وہ بلدیہ جناح ہال میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے عزادار انجمنوں،تعزیہ داروں ،ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں عزاداروں و تعزیہ داروں نے محرم الحرام کے حوالے سے مختلف سفارشات و تجاویز پیش کیں ۔ادھر چیئرمین میونسپل کمیٹی روہڑی شکیل عمیر میمن نے کہا ہے کہ تمام ماتمی روٹوں پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ماتمی روٹس پر کراسنگ فرش بندی اورصفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے سینٹری عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھینسوں کے باڑوں کے مالکان کو بھی نوٹس کے ذریعے یکم محرم سے بھینسیں نہ نکالنے کا کہا گیا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button