جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے اسکوارڈن 2 میں شامل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )گزشتہ 6 دہائیوں سے زیر استعمال ایف سیون بی طیاروں کی جگہ پاک اور چین کے مشترکہ تعاون سے تیار کردہ جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو میں شامل کر لئے گئے۔
زرائع کے مطابق پی اے ایف اسکوارڈن ٹو میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل کرنے کی تقریب کراچی میں پی اے ایف بیس مسرور میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ آصف اور ایئر چیف مارشل سہیل امان تھے۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔تقریب میں 1950 سے پی اے ایف اسکوارڈن ٹو میں شامل ایف سیون بی طیاروں کی جگہ جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل کئے گئے جس سے اسکوارڈن ٹو اور پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے فلائی مارچ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ راشد منہاس شہید نشان حیدر کا تعلق بھی پاک فضائیہ کے اسکوارڈن ٹو سے ہی تھا۔ راشد منہاس نے 1971 میں طیارے کو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔