شیعہ علما کونسل لاہور کے انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علما کونسل لاہور ڈویژن میں شامل اضلاع کا اجلاس صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا جس میں مولانا اشتیاق کاظمی، میاں فرزند علی چھچھر، مولانا یعقوب رضا حیدری، شہباز حیدر نقوی، توقیر حسین بابا، آصف علی زیدی، محبوب علی رضوی، مولانا ابرار حسین مطہری، امجد علی گیلانی، محمود علی بھٹی، بشارت علی ڈوگر اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے زور دیا گیا کہ اتحاد امت اسلام کی قوت ہے، انتشار پیدا کرنیوالوں کو شکست ہوگی، یہ بھی واضح کیا گیا کہ مجالس عزا پر نارروا پابندیاں ناقابل قبول ہیں۔ سبطین حیدر سبزواری نے ریاستی رکاوٹوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ عزاداری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، اس کیلئے پہلے بھی قربانیاں دیں، آئندہ بھی دینی پڑیں تو دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس میں ضلعی آرگنائزر لاہور توقیر حسین بابا نے یونٹس کی تنظیم نو رپورٹ پیش کی جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید فعالیت کو تیز کرنے پر زور دیا گیا اور 17 جولائی کو ضلع لاہور کے انتخابات کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ جمعتہ الوداع کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان کردہ یوم القدس کو بھر پور طریقے سے منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری رمضان المبارک کے دوران لاہور میں قیام کریں گے اور شہر میں مختلف مقامات پر اسلامی، سیاسی، تنظیمی اور اخلاقی موضوعات پر دروس دیں گے، اس کیلئے لاہور تنظیم پروگرام تشکیل دے گی، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے اعزاز میں افطار پارٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں علامہ ساجد علی نقوی مہمان خصوصی ہوں گے۔