ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 17 جولائی کو پورے ملک میں خواتین کے مظاہرے ہوں گے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ 60 دن ہوگئے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتال کیمپ لگائے گئے بیٹھے ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگی، ملت تشیع کی جانب سے پیش کیے جانے والے مطالبات اگر نہ مانے گئے تو حکومت کے لیے مشکل بن جائے گی۔
زرائع کے مطابق ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تحریک دو ماہ گزرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں داخل ہو جائے گی جس میں 17جولائی کو جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک میں خواتین اپنے بچوں کو لے کر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گی اور ان بے حس حکمرانوں کو متوجہ کریں گے۔ اگر پھر بھی ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 22 جولائی کو ملک بھر کی اہم شاہرائوں کو 8گھنٹوں کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ ہم پنجاب حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمارے مطالبات کو منظور نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین ملتان کے آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ سلطان احمد نقوی، مولانا عمران ظفر، ثقلین نقوی اور دیگر موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع 17جولائی کے احتجاج کی تیاری کریں، انشاء اللہ 17جولائی کا احتجاج حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بعض ناعاقبت اندیش قوتیں ہمارے راستے میں روڑے اٹکانے کی سازشوں میں مصروف ہیں ملت جعفریہ ایسے عناصر کو خبردار کرتی ہے کہ اگر ہماری پُرامن جدوجہد کو روکا گیا تو یہ قوم معاف نہیں کرے گی۔