شیعہ علماء کونسل نے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کر دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے اعلان کیا ہے کہ علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت کے مطابق 12 ربیع الاول سے ہفتہ وحدت جاری ہے، جو 17 ربیع الاول تک جاری رہے گا، تنظیمیں ہفتہ وحدت کے حوالے سیمینار اور کانفرنسوں کا اہتمام کریں گی، جن میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ روایات میں اختلاف کے باعث اہلسنت کے نزدیک خاتم المرسلین، سید الانبیا احمد مجتبیٰ کی ولادت باسعادت 12 ربیع الاول جبکہ مکتب اہل بیت کے مطابق 17 ربیع الاول کو ولادت صادقین یعنی حضرت محمد مصطفی اور چھٹے امام حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہے۔ اس اختلاف کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے وحدت میں بدلتے ہوئے ہفتہ وحدت منانے کی ہدایت کی تھی، جس پر پاکستان میں بھی شہید قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی رحمتہ اللہ علیہ کے دور سے عمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9۔ربیع الاول کو بھی پیغمبر کی ولادت کی روایات ملتی ہیں، جس پر اہلحدیث مسلک کے پیرو کار عمل کرتے ہیں، کسی کو اس پر بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ اس اختلاف کی بنیاد پر کسی مسلک کا خود کو صحیح اور باقیوں کو غلط سمجھنے کی شکنی کی جائے جوکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہو رہی ہے۔ پاکستان کی مدبر دینی قیادت نے 1990 کی دہائی میں علامہ شاہ احمد نورانی رحمتہ اللہ علیہ، قاضی حسین احمد رحمتہ اللہ علیہ، اور علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں ملی یکجہتی کونسل کا پلیٹ فارم تشکیل دے کر مسالک کے درمیان اختلافات کو کم کرنے اور مشترکات کو فروغ دینے کا پروگرام بنایا جس کے بعد سے فضا میں تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔