پی پی 196 ملتان کے ضمنی الیکشن میں نون لیگ کھلم کھلا دھاندلی کر رہی ہے، علامہ امین شہیدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ پی پی 196 ملتان کے الیکشن میں حکومتی اُمیدوار الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں پامال کر رہا ہے، حکومتی تمام تر وسائل لیگی اُمیدوار کو کامیاب کرانے کے لئے پی پی 196 میں استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے پی پی 196 سے اُمیدوار مہر سخاوت علی، علامہ اقتدار حسین نقوی، اخلاق الحسن بخاری، سید ناصر عباس زیدی، قربان محسن نقوی، مرید حسین خان و دیگر موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی نے مزید کہا کہ پی پی 196 میں انجینیئر مہر سخاوت علی مجلس وحدت مسلمین کے اُمیدوار ہیں اور اُن کی کامیابی حلقے کے غیور عوام کی خواہش ہے، اس پریس کانفرنس کے بعد ہمارے خلاف کئے جانے والے تمام پروپیگنڈے دم توڑ گئے ہیں کہ جو کل تک ہمارے اُمیدوار کے دستبردار ہونے کی افواہیں پھیلا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز اس حلقے میں پری پلان دھاندلی کر رہی ہے، جس کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہر سخاوت علی نے کہا کہ انتظامیہ ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ہمارے بینرز، سائن بورڈز اور پرچم اُتارے جا رہے ہیں۔ ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری اس کا نوٹس لے۔