پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کے باہر خودکش حملہ، 2 شہید، 10 زخمی، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی
شیعہ نیوز (پشاور) پاکستان کے شورش زدہ صوبے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کے باہر بم دھماکہ، 2 افراد شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی وردی میں ملبوس خودکش حملہ آور نے خود کو ایرانی قونصلیٹ کے دروازہ کے باہر اڑا دیا جس سے موقع پر موجود 2 افراد شہید ہوگئے، جبکہ 10 افراد زخمی ہیں، شہید ہونے والوں دونوں افراد ایف سی کے اہلکار ہیں۔ آئی جی خیبرختونخوا نے بھی تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خودکش تھا جس سے ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد شہید ہوئے ہیں۔ واقعہ کی ذمہ داری تحریک طالبان مست گل گروپ نے قبول کرلی ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے یونیوسٹی ٹاؤن کے حساس علاقے میں واقع ایرانی قونصلیٹ کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جب کہ 9 زخمی ہوگئے۔ دھماکے بعد ایرانی قونصلیٹ کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی جانب سے مشکوک شخص کی اطلاع پر فائرنگ بھی کی گئی۔ قونصلیٹ کے قریب ہونے والا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ اس کی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔
دھاکے کے بعد ریسکیو اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ زخمی ہونے والوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور گاڑی میں سوار تھے جن کا ہدف ایرانی قونصلیٹ تھا، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جائے حادثہ سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ ایک اور شخص کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن جاری ہے۔