سوات میں 2 ریموٹ کنٹرول دھماکے، ایک اہلکارجاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساںا دارہ ) مینگورہ: سوات کے شہر مینگورہ کی وادی کالام میں سڑک کنارے یکے بعد دیگرے 2 ریموٹ کنٹرول دھماکوں کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل کالام کے نواحی علاقے باہان میں دوپہر 2 بجے سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اہلکار عارف ہلاک جبکہ2 زخمی ہوئے۔ اس سے قبل دوسرا دھماکا صبح 11 بجے گاگرہ تحصیل کے ناظم سید سالار جہاں کی گاڑی کے قریب ہوا، جب وہ اپنے رشتے داروں کے ہمراہ اس علاقے سے گزر رہے تھے۔
سید سالار جہاں اور ان کے دو رشتے داروں سید امداد جہاں اور شہزاد نیازی کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گاگرہ تحصیل کے ناظم ہی بم دھماکے کا ہدف تھے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوجی اہلکار کی ہلاکت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ خیبر پختونخوا کے گورنر نے دھماکے کو دہشت گروں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔