کراچی،کالعدم لشکرِ جھنگوی کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈان نیوز کے 2 کارکن زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ کے موٹر سائیکل سوار تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے ڈان نیوز کے 2 کارکن زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔
زرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لانڈھی 89 کے قریب پیش آیا، جہاں ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ لشکرِ جھنگوی کے موٹر سائیکل سوار 2 تکفیری دہشتگردوںنے ڈان نیوز کی گاڑی روک کر شناخت کے بعد فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود حاکم خان اور یوسف خان زخمی ہوئے۔زخمی کارکنان کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابقحاکم خان کو گردن میں گولی لگی جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ یوسف خان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے لانڈھی میں تکفیری دہشتگردوںکی فائرنگ سے ڈان نیوز کے کارکنوں کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایس پی کو جائے وقوع پر پہنچنے اور ڈی آئی جی ایسٹ کو واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے لیے علاقے کی انٹیلی جینس پر مامور اسٹاف کو خصوصی ٹاسک دیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں ہی ڈان نیوز کی سیٹلائٹ وین کو کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ لشکرِ جھنگوی کے دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔عیسیٰ نگری کے علاقے میں تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈان نیوز کا ایک کارکن زخمی ہوا تھا۔حملے کے وقت وین میں تین سے چار افراد موجود تھے جن میں سے ایک ٹیکنیشن حسن متین کو دو گولیاں لگی تھیں۔ستمبر 2015 میں کالعدم لشکرِ جھنگوی کے دہشتگردوں نے بہادر آباد کے علاقے میں جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر بھی فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وین میں موجود سیٹلائٹ انجینئر ارشد جعفری شھید جبکہ ڈرائیور انیس زخمی ہوگئے تھے۔جنوری 2014 میں بورڈ آفس کے قریب تکفیری دہشتگردوں کی نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد شھید ہوئے تھے۔