کراچی سینٹرل جیل سے بھاگنے والے 2 وہابی دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے شہر کراچی کی سینٹرل جیل سے بھاگنے والے 2 وہابی دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے جب کہ وہابی دہشت گردوں کو سہولت دینے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سینٹرل جیل سے بھاگنے والے 2 وہابی دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد جیل سے فرار ہونے کے بعد اورنگی ٹاون گئے جہاں سے وہ حب کے راستے کوئٹہ پہنچے، ایک دن کوئٹہ میں رہنے کے بعد چمن کے راستے افغانستان فرار ہوگئے تاہم ملزمان کو سہولت دینے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں میں ممتازعرف فرعون اور محمد احمد شامل ہیں جب کہ دونوں دہشت گرد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، پولیس نے 2013 میں دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل سینٹرل جیل کراچی سے جیل عملے کی ملی بھگت سے وہابی دہشت گرد اور کالعدم لشکر جھنگوی اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد فرار ہوگئے تھے تاہم دہشت گردوں کی دوبارہ گرفتاری میں ناکامی پر سندھ حکومت نے ڈی آئی جی جیل خانہ اشرف نظامانی کو معطل کردیا تھا۔