کراچی پولیس کی کارروائی، ملک دشمن کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد میں بہادرآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا، طالبان دہشتگردوں کی گرفتاری خفیہ اطلاع پر بہادرآباد کے علاقے میں عمل میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق بہادرآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں رحمت علی شاہ عرف قاری صاحب اور صابر شاہ عرف ملا کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی ایسٹ اظفر میہسر کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ کے کمانڈر ملا فضل اللہ سے ہے۔
دہشتگرد رحمت علی شاہ نے 2009ء میں جوڑ بونیر میں پولیس چوکی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا تھا، جبکہ دہشتگرد صابر شاہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں کٹی پہاڑی کے قریب کالعدم تحریک طالبان کے نیٹ ورک کو چلاتا تھا۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق دہشتگرد صابر شاہ کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد کوئٹہ کے راستے افغانستان فرار ہو گیا تھا، صابر شاہ عرف ملاجی تحریک طالبان سوات گروپ کے کمانڈر اختر زمان شاہ کا قریبی ساتھی ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی اور ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر نے ایس ایچ او بہادرآباد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔