شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 20ویں برسی کے حوالے سے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں سینئر مرکزی نائب صدر احسن نقوی کے زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سابق سینئر رہنماؤں اور ڈویژنل صدور نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم کے بانی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 20ویں برسی کے حوالے سے رابطہ مہم سمیت دیگر معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ احسن نقوی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 20ویں برسی لاہور میں ان کے مرقد پر امسال بھی 7,8 مارچ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، اس حوالے سے باقاعدہ تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور لاہور سمیت دیگر ڈویژنز میں رابطہ مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، جس میں تنظیم کے سابقین، عہدیدران اور کارکنان بھرپور حصہ لے رہے ہیں اس کے علاوہ شہید کی برسی کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں عاشقان شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی بھی شریک ہوں گے، مہم میں ملک کے کونے کونے میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریب میں کارکنوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے کارنر میٹنگز کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ پمفلٹس، بینرز اور اسٹیکرز بھی جلد ملک بھر میں تقسیم کر دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں سابق مرکزی صدر اطہر عمران طاہر اور سابقین کوآرڈینیٹر نثار ترمذی بھی موجود تھے۔