پاکستانی شیعہ خبریں
شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیراہتمام حمایت مسلمین علماء کانفرنس
کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی جس میں شہر بھر کے علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے علامہ سید ساجد علی نقوی کے علاوہ ناصر مہدوی، علامہ شبیر حسین میثمی، علامہ عباس کمیلی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ جعفر سبحانی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ علی محمد نقوی، علامہ عباس مہدی ترابی، منظور حسین سمیت دیگر علماء نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں رونما ہونے والی عوامی بیداری کی لہر کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جبکہ وہاں کے عوام اور بالخصوص بحرینی عوام کے قتل و غارتگری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ بحرین کے عوام آزادانہ انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے خواہاں ہیں اور یہ کوئی بہت بڑا مطالبہ نہیں ہے۔ بحرین کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام کو ان کے جائز حقوق سے روکنے کے لیے پڑوسی ممالک کی مداخلت نے وہاں کی صورتحال کو تشدد میں تبدیل کردیا ہے۔ بچوں، عورتوں اور اسپتالوں پر گولہ باری کرنا، عوام پر گولیاں برسانا قابل مذمت عمل ہے جس کے دوررس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور اس عمل سے مسلمان ممالک میں اخوت اور یکجہتی کی فضا متاثر ہوسکتی ہے اور اس کے منفی اثرات نئے شاخسانوں کو جنم دے سکتے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ ایک تسلسل کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے مگر اقوام متحدہ، عالمی حقوق کے علمبرداروں، عرب لیگ اور او آئی سی کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔