پاکستانی شیعہ خبریں
سعودی حکمران خادمین الحرمین شریفین نہیں بلکہ خادمین امریکین ہیں، پاکستان میں بحرین کیلئے بھرتیاں قابل مذمت ہیں، آئی ایس او

بحرین کے مظلوم عوام پر مظالم ڈھانے کے لئے سعودی عرب اور پاکستانی حکومت کا تعاون قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید کمیل شیرازی، طاہر اطہر عمران اور علامہ اظہر حسن نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ملکوں میں بیداری کی لہر کو بندوق کے زور پر دبایا جا رہا ہے، جس میں امریکہ اور اس کے حواریوں کو کامیابی حاصل نہیں ہو گی۔ رہنماﺅں نے پاکستان میں بھی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی پرزور انداز میں مذمت کی۔ سید کمیل شیرازی نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں نے کرم ایجنسی میں امن معاہدہ کیا اور پھر خود ہی اس کی خلاف ورزی کر کے عہد شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں، جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان لوگوں کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔
رہنماﺅں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ”تحریک حمایت مظلومین جہاں“ شروع کی ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے اظہار برائت کرنا ہے۔ رہنماﺅں نے کہا کہ ہم ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے اور امریکہ جیسے ظالم پر اپنے مقدس وطن کی سرزمین تنگ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، امریکی غلامی سے نجات تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ رہنماﺅں نے بحرین کے لئے فوج فاﺅنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ہونے والی بھرتیوں کی بھی پرزور انداز میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے حکمران خادمین الحرمین شریفین نہیں بلکہ خادمین امریکین ہیں،اب مسلم امہ کی آنکھیں کھل جانی چاہیں کہ سعودی عرب کے حکمرانوں نے پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو رہا کروا کر محفوظ راستہ فراہم کیا۔ رہنماﺅں نے کہا کہ امریکہ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف امریکی حکومت نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی، جس کا مطلب ہے کہ ملعون پادری نے جو کچھ کیا ہے وہ امریکی حکومت کے ایما پر کیا ہے۔