پاکستانی شیعہ خبریں
پاکستان:جشن مولود کعبہ انتہائی جو ش و جذبے سے منایا گیا
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں تیرہ رجب المرجب ولادت با سعادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی مناسبت سے ”جشن مولود کعبہ”انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وخروش سے منایا گیا ۔شیعے نیوز کے نمائندوںکی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر بشمول پاراچنار،پشاور،اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،جھنگ، چنیوٹ،ملتان،ڈیرہ غازی خان،ڈیرہ اسماعیل خان،بہاولپور،رحیم یار خان،صادق آباد،سکھر ،شکار پور،لاڑکانہ،جیکب آباد،سبی،کوئٹہ ،خیر پور،مانسہرہ،ایبٹ آباد،گلگت ،بلتستان،حیدر آبادسمیت کراچی اور مضافات میں ”جشن مولود کعبہ ”انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبہ سے منایا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام شہروں بلخصوص کراچی میں جشن ولادت با سعادت امیر المومنین حضرت علی (ع)کے عنوان سے محافل میلاد کا خصوصی انعقاد کیا گیا جبکہ اس موقع پر ملک بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں چراغاں کرکے روشن کیا گیا ،جشن ولادت با سعادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے شہر کراچی میں مرکزی جلوس غفور چیمبر سے برآمد ہوا جو کہ نشتر پار ک میں اختتام پذیر ہوا جبکہ ملک بھر میں سیمینارز اور محافل کا سلسلہ جاری رہا جس میں علمائے کرام ،مفکرین اور اسکالرز حضرات نے مولائے کائنات امیر المومنین امام علی علیہ السلام سے تجدید عہد وفا کرتے ہوئے اس بات کا اعلا ن کیا کہ ولایت امیر المومنین سے انحراف نہیں کیا جا سکتا چاہے اس کے لئے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینا پڑیں ،اس موقع پر اجتماعات میں شریک لاکھوں کی تعداد میں عاشقان ولایت و امامت نے دشمن اسلام و اہل بیت علیہم السلام کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمنان اہل بیت علیہم السلام کے خلاف مشن جاری رہے گا اور دشمنان اسلام کی نابودی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے