اسلام آباد:لاکھوں عاشقان ولایت کا قومی اسمبلی کے باہر دھرنا
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ’’استقلال پاکستان ‘‘کنونشن اور ’’حمایت مظلومین ‘‘ریلی کا انعقاد مرکزی مسجد و امام بارگاہ جی سکس ٹو میں ہوا ۔شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی 23ویں برسی اور کرم ایجنسی پاراچنار کے پانچ سالہ محاصرے کے خاتمے کے لئے اسلام آباد میں عظیم الشان ’’استقلال پاکستان کنونشن‘‘اور ’’حمایت مسلمین ریلی‘‘کا انعقاد کیا گیا،پروگرام کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا،کنونشن
میں ملک بھر کے گوش و کنار سے لاکھوں عاشقان شہید قائد نے شرکت کی اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ کی تیئسویں برسی پر شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور تجدید عہد وفا کیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ کنونشن میں ملک بھر سے علمائے کرام،نوحہ خوانِ منقبت خوانوں،ماتمی انجمنوں سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورقائد شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر کنونش کے اختتام پر حمایت مسلمین ریلی نکالی گئی جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی پارلیمنٹ ہاؤس جا پہنچی جہاں لاکھوں شرکائے ریلی نے احتجاجی دھرنا دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاراچنار کرم ایجنسی کی سڑکوں کی بندش کا نوٹس لے اور وہاں پر موجود کالعدم دہشت گرد طالبانوں کے خلاف مؤثر فوجی آپریشن کر کے پاراچنار کے سات لاکھ سے زائد محصورین کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرے ،واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے پاراچنار کرم ایجنسی سڑک کی بندش کے خاتمے اور محصورین پاراچنار کی امداد کے لئے ریلی کے اختتام پر امدادی کارواں بھی روانہ کیا گیا جس میں اشیائے ضرورت زندگی سمیت خوراک و ادویات شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا گھنٹوں جاری رہا تاہم وزارت اطلاعات اور پیمرا کی جانب سے ذرائع ابلاغ اور ٹی وی چینل کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ شیعہ کنونشن کو نشر نہ کریں جس پر مجلس وحدت مسلمین نے شدید احتجاج کیا ۔