پاکستانی شیعہ خبریں
بھکر کا امن سبوتاژ ہونے سے بچایا جائے، ایم ڈبلیو ایم اور ٹی این ایف جے کا مطالبہ
مجلس وحدت مسلمین اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھکر میں امن کی فضاء کو سبوتاژ ہونے سے بچایا جائے، کالعدم تنظیم کے شرپسند عناصر کیخلاف فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی جائے، ہمارے بے گناہ افراد کو جھوٹے مقدمات میں ملوث نہ کیا جائے اور اہل تشیع کے شہداء کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، قصر زینب س بھکر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر شہانی، علامہ سفیر حسین، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماء مرید باقر خان، مرید کاظم خان اور آغا علی اکبر نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ بھکر میں امن قائم رہے لیکن کالعدم تنظیم کی جانب سے شرانگیز اقدامات کی بدولت آج شہر کے امن کو خطرہ لاحق ہے، ہمارے کئی افراد کو شہید کیا گیا لیکن ہم پرامن رہے، مخالف فرقہ کی جانب سے گذشتہ دنوں اشتعال انگیز ریلی، نازیبا نعرہ بازی اور اسلحہ کی نمائش سے علاقہ میں شدید اشتعال پھیلا، ہمارے افراد نے نہتے ہونے کے باوجود ان کی زبان بندی کی اور کوئی تصادم بھی نہیں ہوا، ان کا کہنا تھا کہ دریا خان سنوکر کلب کا واقعہ چند جواریوں کے آپس کے معاملات کا نتیجہ تھا لیکن اس واقعہ میں بھی ہمارے بے گناہ افراد کو ملوث کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تفتیش کی جائے اور بے گناہوں کو اس معاملہ سے خارج کیا جائے، ڈی پی او بھکر قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف فوری طور پر کاروائی کریں، ہم اس شہر میں امن چاہتے ہیں یہاں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں اور دونوں عقائد کے پیروکار بھائیوں کی طرح رہتے ہیں، انتظامیہ شرانگیز اور اسلحہ بردار ریلیوں پر فوری پابندی عائد کرے اور سید ضمیر الحسن اور مہدی رضا سمیت دیگر مومنین کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرے