بھکر: شیعہ نوجوان اسیروں پر پولیس کا بد ترین تشدد
بھکر:مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی نے کہا ہے کہ پولیس شرپسندوں کو گرفتار کرنے کی بجائے ایک ماہ سے زیرحراست شیعہ افراد کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنارہی ہے،
موجودہ حالات کے باعث ضلع بھر کے اہل تشیع میں شدید تشویش اور اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ شرپسند افراد جن کیخلاف معصوم اور
بے گناہ افراد کے قتل کی ایف آئی آرز درج ہیں پولیس انہیں تاحال گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، اس سلسلے میں ہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے چار ملاقاتیں کر چکے ہیں لیکن ہر مرتبہ وہ صرف یقین دہانی ہی کرواتیں ہیں اور اب تک صورتحال جوں کی توں ہے، اس ساری صورتحال میں متاثرہ خاندانوں کی طرف سے اہل تشیع کی نمائندہ تنظیموں پر دبائو بھی بڑھ رہا ہے،
ان کا کہنا تھا کہ پولیس جھوٹے مقدمات میں گرفتار کئے گئے 5 اہل تشیع افراد کو گذشتہ ایک ماہ سے مسلسل تشدد کا نشانہ بنارہی ہے، ان کو کبھی بجلی کے کرنٹ دیئے جاتے ہیں تو کبھی پانی میں غوطے دیکران کا سانس بند کیا جاتا ہے اس کے علاوہ شدید ذہنی تشدد کا بھی نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کو زبردستی لواحقین سے فون پر بات کرائی جاتی ہے کہ وہ اسلحہ کا بندوبست کریں تاکہ پولیس انہیں قتل کے جھوٹے مقدمہ میں ملوث کرسکے، سفیر حسین کا کہنا تھا کہ یہ حالات اہل تشیع کیلئے ناقابل قبول ہیں لہٰذا ہمارا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ و ہ ان بے گناہ اہل تشیع کو فوری طور پر رہا کرے اور ایف آئی آر میں نامزد مخالفین کو فوری طور پر گرفتار کرے