پاکستانی شیعہ خبریں
عزاداری سید الشہدا ء میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی
عزاداری سید الشہدا ء انسانیت کی بقا کی ضامن ہے، عزاداری کے ذریعے انسان خدا کی حقیقی معرفت حاصل کر سکتا ہے، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، ان خیالا ت کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دربار حضرت شاہ شمس تبریز پرمنعقدہ دفاع عزاداری سیمینار سے صدارتی خطاب کے دوران کیا، سیمینار کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین ملتان نے کیاتھا،جس میں ملتان کی تمام ماتمی سنگتوں کے سالاروں، بانیان مجالس، تعزیہ داروں اور لائسنسداروں کی کثیر تعداد نےشرکت کی، سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تعلیم یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ، ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ملتان مولانا اقتدار حسین نقوی، انجمن تحفظ عزاداری کے صدر مزین عباس چاون، دربار حضرت شاہ شمس تبریز کے سجادہ نشین مخدوم طارق عباس شمسی، شیعہ علما کونسل پنجاب کے رہنما بشارت عباس قریشی، موسی رضا بخاری، افتخار حسین، ڈاکٹر باقر حسین سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عزاداری سید الشہدا ء میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، حکومت فرقہ واریت پھیلانے والے گروہوں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچائے، انہوں نے کہا کہ اس وقت جنوبی پنجاب میں دوبارہ فرقہ واریت اور بدامنی کی فضا پیدا کی جا رہی ہے ہم محرم الحرام کے دوران جنوبی پنجاب میں ہونیوالی شیعہ دشمن کاروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں، عزاداری ہماری شہ رگ حیات اور اس کو منانا ہمارا قانونی حق ہے ، حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کو فول پروف بنائے لیکن اس کے باوجود پنجاب کے وزیر قانون شیعہ دشمن اور شیعہ کے قاتلوں کے ساتھ گھومتے نظر آتے ہیں، ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی حیثیت واضح کرے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں بڑھتی ہوئیں دہشت گردانہ کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے۔قبل ازیںمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے ملتان میں تنظیمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کی مشکلات، پریشانیوں اور انتشار کا سبب باہمی اتفاق کی کمی ہے، امام خمینی کی سیرت پر عمل کر کے ہی حقیقی اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا قومیں جب متحد نہ ہوں تو ذلت ورسوائی ان کا مقدر بن جاتی ہے لیکن جب چند لوگ منطم اور متحد ہو کر راہ خدا میں اخلاص کیساتھ نکلیں تو امریکہ اور اس کی حوارایوں کو شکست فاش سے دوچار کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران بے لوث، انتھک اور باہمی اتحاد کی وجہ سے عمل میں آیا، انقلاب کے دوران صرف فوج نے ہی نہیں بلکہ ایران کے ہر شخص نے ہر محاذ پر جنگ کی، امام خمینی کے انقلاب میں نوجوانوں کی قربانیاں کلیدی حیثیت کی حامل ہیں ۔ امام خمینی نے انقلاب سے 20 برس پہلے کہا تھا کہ میری فوج اس وقت مائوں کی گود میں ہے اور امام نے اس کو سچ کر دکھایا آج پاکستان میں بھی نوجوانوں کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
دیگر علمائے کرام کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کا منشو راتحاد ہے اور اس کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اتحاد امت کے لیے ہر شخص کے ساتھ مل بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔