پاکستانی شیعہ خبریں
گلگت اورجگلوٹ کے حادثات کے خلاف انجمن امامیہ،جے. ایس. او اور آئی. ایس. اوکی طرف سے احتجاجی ریلیاں
پچھلے دنوں ایک قاتلانہ حملے میں جان بحق ہونے والے جوہر علی کی المناک شہادت کے خلاف انجمن امامیہ،جے. ایس. او اور آئی. ایس. او کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد یونس نجفی نے کہا کہ بے گناہ لوگوں پر فائرنگ کرنے والے انسان نہیں ہیں بلکہ یہ درندہ صفت حیوان ہیں جنہوں نے ایک نہتے معصوم کو شہید کردیا اس درندگی پر حکام کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،اس فسادکی روک تھام کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دشمن اس لئے نشانہ بنارہا ہے کہ ہم حسینی کردار اپنائے ہوئے ہیں،دشمن جتنی بھی کوشش کرے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں موت ہمیں شہد سے بھی زیادہ شرین لگتی ہے ۔شیخ یونس نجفی نے حکومت کی بے حسی پرتنقید کرتے ہوئے نگرل میں بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر ممبرقانون ساز اسمبلی دیدارعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کوخوف خدا اورحکومت کاخوف نہ ہونے کی وجہ سے دہشتگردانہ کاروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،حکومت کی طرف سے سوتیلی ماں جیساسلوک گلگت بلتستان میں امن کے عمل کو سبو تاژ کرنے کی سازش ہے، دو کلومیٹر کا علاقہ نو گو ایریا بنا ہوا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔دیدارعلی نے مزید کہا کہ ایک مخصوص گروہ ملک اورعلاقے کو بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے ،امن اس وقت قائم ہو سکتا جب دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا جائے،انہوں نے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں یادگار چوک پرگولیاں چلنا پولیس کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،گلگت میں تمام مسالک کے لوگ امن کے خواہاں ہیں مگر چند ملک دشمن عناصر اس امن کو ناکام بنانے میں مصروف ہیں۔اس موقع انجمن امامیہ کے نائب صدر کیپٹن (ر) محمد شفیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت شہر میں بربریت کا بازار گرم ہے اور دہشت گردی عام ہو رہی ہے،ہم حکومت کی جانبدارانہ رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
جعفریہ پریس کی رپورٹ کے مطابق اسکردو میں بھی گلگت اورجگلوٹ حادثات کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی،مظاہرین نے مرکزی امامیہ جامع مسجد سے یادگار شہداء تک مظاہرہ کیا اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ،یادگار شہداء پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور مقررین نے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قیام امن اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے پے درپے کاروائیوں کے باوجود کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا،مقررین نے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگردوں کو اس قدر چھوٹ ملنا انتہائی تشویشناک ہے اور اس طرح کی حرکات کی روک تھام نہ کی گئی تو عوام سڑکوں پر آجائے گی۔اس کے بعد کے حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ،احتجاجی جلسے کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف راست کاوائی عمل میں لائی جائے ۔رپورٹ کے مطابق اس دوران کاروباری مراکز بھی بند رہے۔
جعفریہ پریس کے نمائندہ کے مطابق عوامی احتجاجی سلسلہ شگر اور دیگرکئی چھوٹے بڑے شہروں میں صورت پذیرہوا,لوگوں نے شاہراہ اورروڈ بلاک کئے اوراحتجاجا سڑکوں پر ٹائر جلائے گئے.