پاکستانی شیعہ خبریں
دشمن کی بزدلانہ حرکتوں سے کربلائی عزم کو نہیں روکا جا سکتا مولانا اعجاز بہشتی
سانحہ اربعین خان پور میں ملوث امریکی و صیہونی ایجنٹ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے دہشت گردوں اورسر براہوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ،خانپور میںچہلم امام حسین علیہ السلام میں ہونے والی دہشت گردی کی شدیدمذمت کرتے ہیں دشمن کی بزدلانہ حرکتوں سے کربلائی عزم کو نہیں روکا جا سکتا شہید ہونے والے عزادروں کا خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
احتجاجی ماتمی جلوس سے علماء و شیعہ رہنماؤں کا خطاب
کراچی(شیعت نیوز )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں سانحہ خان پور کے خلاف زبر دست احتجاج کیا گیا جبکہ ایک احتجاجی ماتمی ریلی مسجد و امام بارگاہ شاہ خراسان سے امام بارگاہ علی رضا تک نکالی گئی ،احتجاجی ماتمی جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اورخان پور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیموں (امریکی واسرائیلی ایجنٹوں ) کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ماتمی احتجاجی جلوس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا اعجاز بہشتی،مولانا مرزا یوسف حسین،مولانا منور نقوی،مولانا صادق تقوی اور مولانا ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا۔شرکائے احتجاجی و ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مقررین کاکہنا تھا کہ ملک بھر میں عزادری سیدالشہداء کو نشانہ بنایا جارہا حکومت ملت جعفریہ اور عزاداری کو تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔حکومت خان پور میں جلوس عزا پر ہونے والے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرے ۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو اگر پہلے ہی پابند کر دیا جاتاتو ملک بھر میں دہشت گردانہ کاروائیاں نہ ہوتیں ،رہنماؤں کاکہنا تھا کہ امریکی و اسرائیلی ایماء پر کالعدم دہشت گرد جماعتیں پاکستان کے معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں تاہم حکومت ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہے ۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ خان پور دھماکے میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے پنجاب حکومت سے روابط نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت میں موجود عناصر دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں تا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ خان پور بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
ماتمی و احتجاجی ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مقررین کاکہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں ک اراج ہے آئے روز شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے ،انہوں نے گذشتہ دنوں شہر کراچی میں دو شیعہ عمائدین غلام پاشا اور غلام رضا کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث امریکی ،اسرائیلی اور کانگریسی ایجنٹوں کو گرفتار کیا جائے ۔
اس موقع پر شرکائے جلوس نے لبیک یا حسین کے فلک شگاف نعرے بلند کئے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کا مطالبہ کیا۔