پاکستانی شیعہ خبریں

۲۵ مارچ کو نشتر پارک میں پیروکاران اہلبیت کا عظیم الشان اجتماع ہوگا

shiitenews Raja-Nasirپاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت اور پاکستان کے گوشہ و کنار میں مکتب اہلبیت ؑ کے پیروکار عمائدین، علماء کرام، ڈاکٹرز، انجینئرز کے قتل اور انکے قاتلوں کی عدم گرفتاری ، قرآن مجید اور خاندان رسالت ؐ کی شانِ مبارکہ میں گستاخانہ سازشوں کیخلاف ، امت مسلمہ کی وحدت اور استحکام پاکستان کے لئے پیروکاران محمد(ص) وآل محمد (ع) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان سازشوں کا مقابلہ کریں گے اور امریکہ اور اس کے حواریوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم پاکستان کی سا   لمیت کے خلاف ہونے والی سازشوں اور وطن عزیز میں امریکی مداخلت  اور پیروکاران محمد وآل محمدؐ  کی نسل کشی کیخلاف  ــ’’ قرآن و اہلبیت ؑکانفرنس ‘‘ کے انعقاد کا اعلان کرتے ہیں  جو ۲۵ مارچ  بروز اتوار نشتر پارک کراچی میں منعقد ہوگی جس میں لاکھوں فرزندان توحید اس بات کا عزم کریں گے کہ پاکستان اور اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، وطن عزیز پاکستان داخلی و بیرونی مسائل سے دوچار ہے ایک طرف شیطان بزرگ امریکہ پاکستان کے استحکام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے تو دوسری طرف امریکہ و اسرائیل کے گماشتے کالعدم دہشت گرد تنظیمیں مکتب اہلبیت ؑکے پیروکاروں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، پاکستان کے گوشہ وکنار میں بانیان پاکستان کی اولادوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کراچی سے لیکر پاراچنار تک سرزمین پاکستان مکتب اہلبیت ؑ کے پیروکاروں کے خون سے رنگین ہے ، کبھی پاراچنار میں بے گناہ نمازیوں کو خود کش دھماکہ کرکے شہید کیا جاتا ہے تو کبھی نواسہ رسول ؐ کا غم منانے والوں کو بم دھماکا کرکے شہید کردیا جاتا ہے،کبھی چلتی بس میں سے مکتب اہلبیت ؑ کے پیروکاروں کو اتار کر گولیوں سے بھون دیا جاتا ہے، کبھی نہتے و معصوم شہریوں کو راہ چلتے گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، غرض یہ کہ پاراچنار ہو یا گلگت، ڈیراہ اسماعیل خان ہو یا کوئٹہ، خان پور ہو یا کراچی ۔۔۔۔۔۔ مملکت پاکستان کے ہر کونے میں امریکہ و اسرائیل کے  پالے ہوئے زرخرید دہشت گرد محبان پاکستان کی نسل کشی میں مصروف ہیں اور حکومت و ریاستی اداروں کی کارگردگی پر ایک بدنما داغ اور سوالیہ نشان ہیں۔کیا حکومت پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کا یہ فرض نہیں کہ وہ مملکت خداداد پاکستان کے باسیوں کے جان ، مال ، عزت و آبرو کی حفاظت کرے؟ کیا یہ ذمہ داری حکومت پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کی نہیں کہ دہشت گردوں کو لگام دے اور نہتے اور معصوم پاکستانیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے؟
انہونے کہاکہ، آپ سب کو یقینا یاد ہوگا جب استعمار کی جانب سے سابق امریکی صدر بش کے صلیبی جنگ کے نعرے کے بعد ختم الاانبیا ء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی گئی ،امریکہ میں ایک پادری کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی اورحال ہی میں نیٹو اور امریکی افواج کے ہاتھوں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات، امریکہ و اسرائیل کی اسلام دشمنی کی دلیلیں ہیں اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ امریکہ اور اس کے ادارے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر نہ صرف ہٹ دھرمی دکھا رہے ہیں بلکہ آواز احتجاج بلند کرنے والوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی امریکی و اسرائیلی ایجنڈے پر عمل پیرا کالعدم تنظیمیں پاکستان کے دیہی علاقوں خصوصاً اندرون سندھ خاندان رسالت ؐ  کی شان میں گستاخانہ چاکنگ، مساجد و امام بارگاہ کے تقدس کی پامالی اور علم حضرت عباس علیہ السلام کی بے حرمتی کرنے میں مصروف ہیں تاکہ مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا کر انارکی کی صورتحال پیدا کی جاسکے اور پاکستان کو غیر مستحکم کیا جاسکے۔دوسری طرف امریکہ پاک ایران گیس پائپ لائن کی مخالفت کرکے اور مختلف ہتھکنڈوں کو استعمال کرکے منصوبہ پر عمل دارآمد روکوانا چاہتا ہے تاکہ پاکستان کو  توانائی کے بحران میں مبتلا کیا جائے اور پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو۔
آخر میں ایک بات کی طرف آپ کے توسط سے توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی نشتر پارک میں جلسہ کرنے کی درخواست کا حکومت کی طرف سے تا حال جواب موصول نہیں ہوا ہے جو کہ نہایت ہی افسوسناک امر ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کو بابنگ دہل مذہبی منافرت پر مبنی نظریات کے فروغ کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نشتر پارک میں جلسہ کے حوالے سے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے لیکن ساتھ ساتھ ہم یہ بھی باور کرادینا چاہتے ہیں کہ ۲۵ مارچ کو قرآن اہلبیت ؑکانفرنس نشتر پارک میں ہی منعقد ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button