علامہ ناصر عباس جعفری کا طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
العارف ہاؤس اسلام آباد سے جاری بیان میں مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ائیر بلیو حادثے کے بعد ایسا نظام وضع کرنا چاہیے تھا جس کی مدد سے موسم کی خرابی کی وجہ سے پیش آنے والے ایسے حادثات کا تدارک ممکن ہوتا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بھوجا ایئر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار ِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کورال میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اُن کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پسماندگان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذمہ داران موسم کی خراب صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے بروقت طیارے کے پائلٹ کو آگاہ کر دیتے اور طیارے کا رخ محفوظ مقام کی طرف موڑ دیا جاتا تو اس حادثے سے بچا جا سکتا تھا۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ائیر بلیو حادثے کے بعد ایسا نظام وضع کرنا چاہیے تھا جس کی مدد سے موسم کی خرابی کی وجہ سے پیش آنے والے ایسے حادثات کا تدارک ممکن ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں ایسے نظام کا نہ ہونا ادارہ جاتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس افسوسناک حادثے کی فوری عدالتی تحقیقات کروائے اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ جس کے سبب آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خداوند کریم جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔