گڑھ مہاراجہ میں علم پاک کی بے حرمتی پنجاب حکومت اور ملک اسحاق نے کی، مولانا اظہر کاظمی
گڑھ مہاراجہ کے علاقے پُل درکھانہ پر علم مبارک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جھنگ کے سیکرٹری جنرل مولانا اظہر حسین کاظمی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت براہ راست دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے، اس وقت ملک کی امنیت خطرے میں ہے، چیف جسٹس اپنی آنکھیں کھولیں ایکشن لینے پہ آئیں تو ایک تھپڑ پر لے لیتے ہیں اور آنکھیں بند کرنے پر آئیں توسینکڑوں بے گناہوں کے قتل نظر نہیں آتے۔ مولانا اظہر کاطمی نے اسلام ٹائمز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ملک اسحاق نے گڑھ مہاراجہ، گڑھ موڑ، احمد پور سیال اور گیہل پور کا دورہ کیا ہے اُسی دن سے وہاں کے حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک اسحاق نے اپنے ناپاک قدموں سے پُر امن علاقے میں فرقہ واریت کی آگ لگائی ہے، اس دہشت گرد کو لگام دی جائے اس دہشت گرد نے پچھلے دنوں میں اس علاقے میں دورے کیے اور وہاں کے لوگوں کو شیعیت اور اسلام کے خلاف نئے ٹاسک دیے ہیں اور یہ گڑھ مہاراجہ کا ہونے والا واقعہ اسی کا شاخسانہ ہے۔
اس واقعہ کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم جھنگ کی کارکردگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جھنگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اے ڈی زاہدکی سربراہی میں ایک وفد نے مقامی افراد سے ملاقات کی ہے اور اس واقعہ میں مجلس وحدت مسلمین اپنا کلیدی کردار اد کر رہی ہے، اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ہمارے مذاکرات ہوئے ہیں اور انتظامیہ نے ایک دہشت گرد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ مولانا اظہر کاظمی نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ کو یہ باور کرایا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ایک بار پھر پورے پاکستان میں احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
اُنہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دہشت گرد کو روکے اور اس کے دوروں پر پابندی لگائے کیونکہ یہ دہشت گرد جہاں بھی جاتا ہے وہاں کے حالات بگڑ جاتے ہیں