امریکہ اور یورپ بیت المقدس پر قابض اسرائیل کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہے کہ امریکہ اور یورپ اسرائیل کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ وہ بیت المقدس کی قابض حکومت کو ہر طرح سے تحفظ اور مدد فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں کی نسل کش اور انسانی حقوق کی پامالی پرانسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مغرب کی دوغلی پالیسیوں پر
شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو امریکہ اور اس کے حواری ایران کو اپنی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے جاری ایٹمی پروگرام کو بند کرنے کے درپے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ ایران دنیا کے ہر فورم پر کہہ چکا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے لیکن انہیں اسرائیل کی ایٹمی صلاحیت جو کہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، پر یہ تمام طاقتیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کامستقبل نابودیت ہے اور وہ جلد صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے ، موساد اور را مل کر پاکستان میں دہشت گردی اور بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت وقت پاکستان کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت اور عدم استحکام کے فروغ کے لئے اس ٹرائیکا کے ناپاک عزائم کو عالمی فورمز پر بے نقاب کرے۔ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کی ملکی سالمیت، استحکام اور خودمختاری کے خلاف ہونے والی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر روشناس کرانے میں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کی تاریخ ہمارے آباؤ اجدادکے خون سے رقم ہوئی ۔ ہم نے پاکستان بنایا تھا اور اس کی سالمیت و استحکام کے محافظ بھی ہم ہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک بھر میں ملی و قومی بیداری کے لئے کانفرنسسز کا انعقاد کر رہی ہے اور انشاء اللہ یکم جولائی کو مینار پاکستان پر ہونے والی قرآن و سنت جہاں ملک میں مذہبی رواداری اور امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی وہاں پر عالمی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔