کراچی میں امام خمینی رہ کی برسی کا مرکزی پروگرام آج یکم جون کو ہوگا
ملی تنظیموں کی جانب سے مشترکہ طور پر بریٹو روڈ سولجر بازار میں منعقدہ پروگرام سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر علمائے کرام خطاب فرمائیں گے۔
کراچی میں سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی امام خمینی رہ کی برسی کا مرکزی پروگرام کراچی کی شیعہ تنظیموں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ناصران امام فاؤنڈیشن، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن اور اصغریہ آرگنائزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر بریٹو روڈ سولجر بازار کراچی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کے صدر مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین، اہلسنت عالم دین مفتی اسلم نعیمی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا شبیر حسن میثمی، ذاکر اہلبیت ع علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری خطاب کریں گے، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا صادق رضا تقوی انجام دیں گے۔
اس موقع پر اسلام ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد رضوی، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل محمد مہدی، ناصران امام فاؤنڈیشن کے رہنما مصطفٰی کرمانی اور آئی او کے رہنما لئیق الزمان نے کہا کہ امام خمینی رہ کی ذات ہمارے لئے نکتہ وحدت ہے کیونکہ یہ وہ شخصیت ہے کہ جس نے اس وقت مسلمانوں کو اسلام ناب کی تعلیم دی، جب ملت اسلامیہ اسلام کو فقط روایتی بنا چکی تھی اور اصل اسلام کو بھلا چکی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین پر امام راحل رہ کے ماننے والے آپس میں متحد رہ کر دشمن دین امریکہ، اسرائیل، بھارت اور ان کے ایجنٹوں کی اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔