وزیراعلٰی کے شہر مستونگ میں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ موجود ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف سردار سعادت علی ہزارہ، علامہ مقصود علی ڈومکی، حاجی قیوم چنگیزی، سید داود آغا کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔
میزان چوک کے قریب پہنچ کر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پندرہ سال سے کوئٹہ ملت جعفریہ کے لئے مقتل گاہ بنا ہوا ہے۔ وزیراعلٰی کا شہر مستونگ شیعہ مقتل گاہ بنا ہوا ہے۔ جہاں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ بنے ہوئے ہیں۔ بلوچستان حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سردار سعادت علی ہزارہ نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں، اھلسنت کے علماء کرام کا قتل افسوس ناک ہے۔ سیکریٹری داخلہ اور ڈی آئی جی کوئٹہ کا رویہ قابل مذمت ہے۔ ریلی سے قبل شیعہ زعماء نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف جلد کریک ڈاون کرتے ہوئے ان کا نیٹ ورک توڑے۔