بلو چستان کی محب وطن عوام کو منظم سازش کے تحت سامراجی ایجنٹوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اورایک سازش کے تحت انہیں سامراجی ایجنٹو ں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال بلوچستان مسئلے کا حل نہیں بلکہ بلوچستان کے مسائل کا حل وہاں کی سیاسی قیادت اور بااثر سرداروں کے ساتھ با مقصد مذاکرات میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی قیادت جب بلوچستان میں ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف آواز بلند کرتی ہے تو اس کے انتہائی مثبت اثرات نظر آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد امت کی علمبردار جماعت ہے ۔ہم فرقہ واریت اور لسانیت پر یقین نہیں رکھتے۔ ہمارامنشور انسانیت کے لیے نجات اور فلاح کا ہے۔ ہم تحریک انبیاکے وارث ہیں۔ہم دنیا کے مظلوموں اور محروموںکی طاقت سے وقت کے فرعون کا مقابلہ کریں گے اور شیطان بزرگ امریکہ کی وطن عزیر اور امت مسلمہ کے خلاف انسان دشمن پالیسیوں کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ کا قرآن و سنت کانفرنس کی صورت میں ہونے والا عظیم الشان اجتماع پاکستانی معاشرے میں شعور اور بیداری کی تبدیلی لے کر آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم اب سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے مظالم سے تنگ آ چکے ہیں اور تبدیلی کے منتظر ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کو ایک شہید عارف الحسینی جیسے رہبر کی ضرورت ہے جس رہبر کبیر امام خمینی کی فکر کے وارث تھے ۔ ہم عزم حسینی لے کر میدان عمل میں اترے ہیں اور تاریخی قرآن و سنت کانفرنس میں سیاسی روڈ میپ کا اعلان کریں گے جو قوم کی قسمت بدلنے کے لیے نکتہ آغاز ہو گا۔