مجلس وحدت مسلمین کی پے درپے کامیابیوں کو دیکھ کر کچھ مخالفین جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں، آغا مبارک علی موسوی
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی مسئول امور شہدا و صدر علماء امامیہ لاہور آغا سید مبارک علی موسوی نے کہا کہ کچھ حلقوں کی طرف سے مجلس وحدت مسلمین کے خلاف مختلف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں
اور ایسا عمل مجلس وحدت مسلمین کی پے درپے کامیابیوں کے بعد شروع ہوا۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ علامہ حسن ظفر نقوی صاحب نے مجلس وحدت مسلمین سے علیحدگی اختیار کر لی ہے اور کبھی کہا جاتا ہے کہ کویت میں موجود نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ باقر نے پاکستان میں موجود نمائندہ ولی فقیہ کی مخالفت سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس اور مرکزی ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ حسن ظفر نقوی کو منع کیاہے۔ جبکہ دفتر مقام ِ معظم رہبری سے معلوم کرنے پر پتہ چلا ہے کہ کویت میں رہبر معظم کا کوئی نمائندہ آیت اللہ باقرکے نام کا موجود نہیں ہے۔
آغا سید مبارک علی موسوی نے کہا کہ ہم اپنے کارکنوں کو ہمیشہ امن اور شیعہ وحدت کی تلقین کرتے رہے ہیں اور آپ کے موثر ذریعے سے بھی یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ملت کی وحدت کے لئے اگر کسی طرف سے کوئی زیادتی بھی ہوئی ہو تو جواب نہ دیا جائے۔ اس وقت وحدت تشیع ہمارا مقصد اور ہدف ہے اور یہی ہمارا نصب العین اور شعار ہے ہم ہمیشہ بزرگوں کا احترام کرتے تھے اور کرتے رہے گے۔ ولایت فقیہ کے پرچم تلے انشااللہ تادم آخر ملت کی وحدت اور سر فرازی کیلئے سرگرم عمل رہیں گے۔ آغا سید مبارک علی موسوی نے کہا کہ یکم جولائی کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی قرآن وسنت کانفرنس انشا اللہ تشیع کے وقاراور سر بلندی میں سنگ میل ثابت ہوگی اور ملت جعفریہ کو آئندہ کوئی جماعت یا حکومت نظر انداز نہ کر سکے گی۔انشااللہ یکم جولائی سے ملت کے وقار اور عظمت کا ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا