لاہور کی سرزمین انشاء اللہ ہماری مذہبی غیرت و حمیت کی گواہی دے گی، علامہ ناصر عباس جعفری
مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری نے حافظ آباد میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اسلام کی سربلندی چاہتے ہیں تو ہمیں غدیر کو زندہ کرنا ہو گا اور پاکستان کی سالمیت کے لیے ولایت و امامت کی طرف پلٹنا ہوگا۔ ہمیں اپنی عزت و سرفرازی کے لیے تعلیمات اہل بیت (ع)کو اپنے وجود کا حصہ بنانا ہو گا۔ ہم ولایت کے ذریعے انسانیت، اسلام ،پاکستان اور مکتب اہل بیت(ع)کا دفاع اور استعماری سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں کیونکہ ولایت میں ہی وہ طاقت ہے کہ جس کے ذریعے معاشرے مستحکم ہو سکتے ہیں اور ولایت ہمیں دنیا و آخرت کی سربلندی کی طرف لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم یکم جولائی کو قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی(رح) کی یاد میں پاکستان کی مظلوم عوام کو منظم کرنے جا رہے ہیں۔قرآن و سنت کانفرنس ہمارے دینی جذبات کی ترجمان ہوگی۔ مینار پاکستان کے گراونڈ میں پاکستان کے غیور فرزند اپنے اتحاد سے دشمنوں کے دلوں کی دھڑکنیں بند کرنے آئیں گے۔حافظ آباد کے اجتماع میںعلاقے کے مومنین کی ایک کثیر تعداد کے ساتھ ساتھ سیاسی، سماجی اور تنظیمی افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سب نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ یکم جولائی کو قرآن و سنت کانفرنس کے حوالے سے شرکت کے ساتھ ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔