ساجد علی ثمر جے ایس او کے مرکزی صدر منتخب، علامہ ساجد نقوی نے حلف لیا
پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم ساجد علی ثمر کو جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مرکزی صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ مرکزی صدر کا انتخاب جے ایس او کی مرکزی مجلس عمومی کے اراکین نے منتظرین امام کنونشن منعقدہ امام بارگاہ قصر ابو طالب مظفر پور سیالکوٹ میں کیا۔ جس میں تنظیم کے یونٹ صدور اور جنرل سیکرٹریز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ساجد علی ثمر مرکزی صدر کی ذمہ داریوں سے پہلے لاہور ڈویژ ن کے صدر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ جیالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی لاہور میں ایم فل کے طالب علم ہیں۔
جے ایس او کی فارغ ہونے والی مرکزی کابینہ اور ڈویژنل صدور کی طرف سے پیش کئے گئے ناموں میں سے مجلس عاملہ اور مجلس نظارت نے مرکزی جنرل سیکرٹری تقی حیدر جوادی اور ساجد علی ثمر کے ناموں کو مرکزی مجلس عمومی کے سامنے پیش کیا۔ خفیہ رائے شماری سے مرکزی صدر کا دو سال کے لئے انتخاب کیا گیا۔
مرکزی صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں ساجد علی ثمر نے توسیع تنظیم اور کارکنوں کی تربیت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جے ایس او کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان تحمل، برداشت اور امن کی راہ پر چلتے ہوئے قائد شیعہ علما کونسل علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں ملی مضبوطی کا سفر جاری رکھیں گے۔ ساجد علی ثمر نے ناراض رہنماوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تنظیم میں جگہ نہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد علی نقوی نے جے ایس او کے نو منتخب مرکزی صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر کام کرنے والی تنظیموں کے کارکنوں اور رہنماوں کو اعلٰی اخلاقی اقدار کا حامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم اگر کارکنوں کی اخلاقیات کو درست نہیں کر سکتی تو جے ایس او میں کام کرنا بے سود ہے۔