پاکستانی شیعہ خبریں

ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے، علامہ حسن ظفرنقوی

mwm karachi molana mirza yoملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے،ٹارگٹ کلنگ بند نہ ہوئی تو ملت جعفریہ ایوانوں کا گھیراؤ کرے گی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو گلگت بلتستان سے صوبہ بدر کرنے کے احکامات دینا مہدی شاہ کی امریکی غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کراچی میں دو ماہ میں ملت جعفریہ کے 27افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، شعائر اسلامی کی توہین ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی، مولانا مرزا یوسف حسین،مرکزی سیکریٹری سیاسیات علی اوسط اورڈویژنل سیکریٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی نے امام بارگاہ خراسان پر منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر میں امریکی اشاروں پر شیعہ نسل کشی کی جارہی ہے اور بانیان پاکستان کی اولادوں کے لئے ملک خداداد کی سرزمین کو تنگ کیا جارہا ہے، ایک طرف تو ہماری ایجنسیاں، حکومت اور سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کی سرپرستی کررہی ہیں تو دوسری جانب گرفتار کئے جانے والے کالعدم گروہوں کے دہشت گردوں کو اعلیٰ عدلیہ رہاکررہی ہے، ہم اس اقدام کو پاکستان دشمنی سے تعبیر کرتے ہیں اور یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم ہر ملک دشمن سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کا ملت جعفریہ کے عظیم فرزند علامہ راجہ ناصر عباس کی گرفتاری اور ان کی صوبہ بدری کا حکم دینا دراصل یہ ثبوت پیش کررہا ہے کہ ہمارے ملک کے حکمران امریکہ کی غلامی میں شاہ ایران کی سنت پر عمل کررہے ہیں۔لیکن سلام ہو محبان وطن گلگت بلتستان کی عوام پر کہ جنہوں نے کل وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت بلتستان کا گھیراؤ کیا اور وزیراعلیٰ کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر کو صرف اس بات کی سزا دی گئی کہ انہوں نے سانحہ چلاس اور سانحہ کوہستان میں شہید ہونے والے مظلوم افراد کی حمایت اور ان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا لیکن شاید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان میں موجود دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ کرلیا ہے اس ہی لئے پورے ملک میں ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر مہدی شاہ نے دوبارہ ایسا کوئی اقدام کرنے کی کوشش کی تو مہدی شاہ کو ملک کے کسی بھی حصے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ دنوں امام بارگاہ خراسان اور علم عباس (ع) پر پولیس نے بلا اشتعال شیلنگ اور فائرنگ کی، شعائر اسلامی کی توہین کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈی آئی جی ایسٹ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ورنہ ملت جعفریہ ملک گیر سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گئی، اگر یہ نوبت آئی تو حکمرانوں کے لئے نیند حرام کردیں گے۔رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں دو ماہ میں ملت جعفریہ کے 27افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ میں مسلسل نسل کشی کی جارہی ہے اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ ہم چیف جسٹس، آرمی چیف، صدر زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر قائد اور ملک کے دیگر علاقوں میں جاری شیعہ افراد کی نسل کشی میں ملوث دہشت گردوں کو سرعام پھانسی دی جائے اور ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کو ختم کیا جائے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button