لبنان میں ہماری کامیابی کا اہم عنصر آیت اللہ خامنہ ای کی اطاعت ہے، حزب اللہ
لبنان میں ہماری کامیابی کا اہم عنصر آیت اللہ خامنہ ای کی اطاعت ہے، شیعہ درحقیقت کسی بھی ملک کی مضبوطی کی علامت ہیں،
حزب اللہ قرآن کی پیروکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار حزب اللہ لبنان کے سیاسی امور کے انچارج ڈاکٹر احمد ملی نے امامینز کراچی کی جانب سے آئی آر سی لان میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حزب اللہ کی القدس ایسوسی ایشن کے انچارج ڈاکٹر حیدر دقماق، ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ نظارت کے رکن مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا صادق تقوی، مولانا رجب علی بنگش، محمد مہدی اور اصغر زیدی سمیت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر احمد ملی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان میں ہماری کامیابی کا اہم عنصر ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی اطاعت ہے، یہ آیت اللہ خامنہ ای کی شخصیت ہے کہ جو ہر موقع پر ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ولی فقیہ کی تابعدار اور فرمانبردار ہے اور یہی ہمارے کامیابی کا راز ہے، انہوں نے کہا کہ حزب اللہ فقط اب ایک سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ یہ عرب ممالک میں ایک ایسی طاقت ہے کہ جو پورے خطے کو امریکہ و اسرائیل کے شر سے نجات دلا سکتی ہے۔ ڈاکٹر احمد ملی نے کہا کہ اسرائیل نے لاکھ کوشش کی کہ لبنان میں فرقہ واریت پھیلائے لیکن حزب اللہ لبنان کے شیعوں کی نمائندہ جماعت ہونے کے باوجود لبنان کا ہر اہلسنت اپنے آپ کو حزب اللہ کا فرد سمجھتا ہے اور یہ ہماری کامیاب پالیسی کا نتیجہ ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیاسی امور کے انچارج نے مزید کہا کہ ہم اقلیت میں نہیں ہیں، ہم منظم ہیں، متحد ہیں، طاقتور ہیں اور اسرائیل کی نابودی ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ قرآن کی پیروکار ہے اور قرآن ہی سے لائن آف ایکشن لیتے ہیں، قائد مقاومت سید حسن نصراللہ کی قیادت کی بدولت آج پورے اسرائیل میں حزب اللہ کی ہیبت قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نام نہاد اسلامی ممالک کے حکمران جتنی کوشش شام میں امریکی و اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لئے کر رہے ہیں اگر اتنی فلسطین کے لئے کرتے تو آج فلسطین آزاد ہوتا اور ہم قبلہ اول بیت المقدس میں نماز ادا کرسکتے۔