آج ہمیں شدت سے منظم ہونے کی ضرورت ہے شہداکے لواحقین سے ملاقات میں مرکزی ترجمان کا اظہار خیال
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی میں القدس کے شرکاء کی بس پر ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے امتیاز علی، مولانا منظور حسین، سانحہ بابوسر میں شہید ہونے والے جامعہ کراچی کے طالب علم اجلال حسین اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے مزمل حسین کے گھر جاکر ان کے خانوادگان سے تعزیت کی اور ان کی شہادت پر خاندان کو ملنے والی سعادت پر مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما مبشر حسن، عقیل عباس، احسن عباس، ظہیر حیدر زیدی و دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے شہیدوں کے خانوادگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے افراد نے اپنا وظیفہ انجام دے دیا ہے اب شہید کے خانوادہ کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر باشعور فرد کی ذمہ داری ہے کہ ملت کو منظم کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں شدت سے منظم ہونے کی ضرورت ہے، ہم نے اس راہ میں کوششیں شروع کی ہیں، خدا سے دعا کرتے ہیں ہمیں ان کوششوں میں کامیاب فرمائے۔ انہوں نے خانوادہ شہداء کو صبر کی تلقین کی دعا کی کہ خداوند متعال شہداء کو چہاردہ معصومین (ع) کے قرب میں جگہ عطا فرمائے۔