شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات کی تفتیش کرنے والاپولیس افسردہشت گردانہ کاروائی میں جاں بحق
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسلح افراد نے جمعہ کے روز شیعہ نسل کشی اورٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی تحقیقات کرنے والے ایک سینئر پولیس آفیسر کو گولی مار کر جاں بحق کردیا گیا۔شیعت نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار حملہ آوروں نے اس وقت ایس پی انویسٹی گیشن جمیل کاکڑ پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جب وہ اپنی سرکاری گاڑی میں گھر سے باہر نکلے تھے ۔
فائرنگ کے نتیجے میں کاکڑجاں بحق جبکہ ان کا ایک پولیس محافظ زخمی ہو گیا ۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ایک اور سینئر پولیس اہلکار سلیم لہری نے کوئٹہ میں اے ایف پی کو بتایا کہ حملے میں جمیل کاکڑ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حملے کے پیچھے کارفرما عوامل کی تحقیقات کررہے ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ کاکڑ بلوچستان میں شیعہ نسل کشی اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد گروہوں کے حملوں کی تحقیقات کررہے تھے اور انہیں حال ہی میں دھمکیاں بھی مل چکی ہیں۔ان کی نمازجنازہ میں پولیس حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔