کالعدم جماعتوں کے دہشت گرد سیاسی جماعتوں کی آڑ میں اپنا کام کر رہے ہیں، مولانا صادق رضا تقوی
شہر بھر میں ہونے والی شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، سیاسی جماعتیں اپنے اندر سے دہشت گردوں کا صفایا کریں جو سیاسی آڑ میں شیعہ بے گناہوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی نے کراچی اور کوئٹہ میں کی جانے والی شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ حکومت پر سوالیہ نشان ہے؟ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہید ہونے والے شیعہ نوجوانوں کے قتل میں وہی دہشت گرد عناصر ملوث ہیں جو ملک و قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہئیے کہ اپنے اندر موجود ان دہشت گرد عناصر کا صفایا کریں جو سیاسی آڑ میں شیعہ بے گناہ افراد کو دن دیہاڑے گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو بھی متنبہ کیا کہ شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو رکوایا جائے اور ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ اب خاموش نہیں رہے گی اور ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔