محب وطن شہریوں کو میدان میں نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے،راجہ ناصر عباس
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حیدر علی مرزا کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کراچی میں بدستور جاری رہے تو ملک میں خانہ جنگی ہونے کا خدشہ ہے، کراچی کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑا گیا ہے، حکمران طبقہ عوام کی جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تک کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان انسانیت دشمن تکفیری ٹولوں نے دور جاہلیت کی یا د تازہ کر دی۔
علامہ راجہ نا صر عباس جعفری نے کہا کہ ملکی فطری دفاع پر حملہ دراصل پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے، حالات ایسے رہے تو نوجوانوں پر کنٹرول کرنا مشکل ہو گا، قاتل اور ظالم دندناتے پھر رہے ہیں اور الٹا ہمیں سیکورٹی اداروں اور انتظامیہ کے ہاتھوں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے، ہمارے گلگت کے رہنما آغا نئیر عباس کی بلاجواز گرفتاری عوام میں اشتعال پیدا کرنا اور پرامن عامہ میں خلل ڈالنے کی مذموم کوشش ہے۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پر امن شہریوں اور محب وطن لوگوں کو مجبور نہ کریں کہ وہ بھی تنگ آ کر میدان میں نکلنے پر مجبور ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر کب تک ظلم برداشت کرتے رہیں گے، حکومت عوامی حمایت حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، ملک میں فوجی آپریشن کے بغیر کوئی حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے تاکہ دہشت گردوں کا قلع قمع ہو سکے اور تکفیری گروہ کو لگام دی جائے۔