حکومت تکفیریوں کی فنڈنگ روک دے اور انکی سرپرستی بند کریںجعفریہ الائنس
جعفریہ الائنس نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تکفیری جماعتوں کی بیرونی فنڈنگ روکے اور ملکی ایجنسیاں ان کی سرپرستی بند کریں / جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری: ہمارے ملک کی ایجنسیاں بھی ان جماعتوں کی سرپرستی کر رہی ہیں جو پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔
مرکزی تنظیم عزا کے سیکریٹری جنرل اور جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری سلمان مجتبیٰ نقوی نے کہا کہ شہر میں امن کے قیام کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی کیونکہ یہاں امن ہوگا تو پورے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی۔ گلبرگ ٹاؤن میں منعقدہ اجتماع عام سے خطاب کے دوران اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اگر ہم نے ہوش اور عقلمندی سے کام نہ کیا تو مزید مشکلات میں پھنس جائیں گے۔ اُنہوں نے یہاں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے علماء و عوام سے کہا کہ وہ اپنے اور پرائے میں فرق کریں اور کوشش کی جائے کہ یہاں یکجہتی کا ماحول قائم ہو اور شہر امن کا گہوارہ بن سکے۔
اُنہوں نے حکومت سے بھی کہا کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑنے میں بھرپور کوشش کرے اور کالعدم جماعتوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور ان کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔ سلمان مجتبی کا کہنا تھا کہ کراچی اور ملک بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کالعدم جماتیں فقط ایک آلہ کار کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ ان کی پشن پناہ قوتیں بیرون ملک سے ان کی فنڈنگ کرتی ہیں، ارباب اقتدار ان کالعدم تکفیری جماعتوں کی بیرونی فنڈنگ کو روکیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی ایجنسیاں بھی ان جماعتوں کی سرپرستی کر رہی ہیں جو پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔