آج طاغوتی طاقتیں عاشقان حسین (ع) سے گھبرا چکی ہیں، اطہر عمران
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم حسین (ع) کے انعقاد پر فائرنگ سے شہید ہونے والے طالب علم ضمیر عباس کے حوالے سے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ شہید کا خون تکفیری اور طاغوتی طاقتوں پر قرض ہے، شہید پر فائرنگ ان افراد نے کی ہے جو مشن امام حسین (ع) اور سفیران امام حسین (ع) کے قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح امام حسین (ع) نے کربلا میں یزید وقت اور ظالم و جابر حکمران کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، اسی طرح آج پیروکاران امام حسین (ع) بھی دشمن کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اطہر عمران نے کہا کہ ضمیر عباس نے یوم حسین (ع) کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جام شہادت نوش کرکے اپنے عاشق امام حسین (ع) ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج طاغوتی طاقتیں عاشقان حسین (ع) سے گھبرا چکی ہیں، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں عاشقان امام حسین (ع) کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، لیکن پیروکاران امام حسین (ع) مشن امام کی خاطر اپنی جانیں بھی دینے سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنے مصمم ارادوں سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
قبل ازیں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا کہ مختلف علاقوں میں پولیو ویکسی نیشن ٹیم پر حملے افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں پر درندگی کا بھوت سوار ہے، پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ درندہ صفت لوگ انسانیت کے دشمن ہیں، یہ بے رحم دہشت گرد عورتوں کو بھی نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کہ وہ ان رضا کار عورتوں کو سکیورٹی فراہم کرے، جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اطہر عمران نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اس بات کا اشارہ کرتی ہے کہ دشمن عناصر پاکستان اور اسلام کا وجود تک برداشت نہیں کرتے، جس کی وجہ سے آئے روز ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور حکومت ان کو لگام دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے ملک کے مفاد کے مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کرے، تاکہ ملک میں امن و امان کی فضا پیدا ہوسکے